ایشیائی انفرااسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک سمیت دیگر اداروں سے ڈالرز موصول ہوگئے۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق پاکستان کے ڈالرز ذخائر میں 46.4 کروڑ ڈالر کا بڑا اضافہ ہوگیا، ذخائر تقریباً 5 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے۔
اسٹیٹ بینک سے زرمبادلہ ذخائر کی ہفتہ وار رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایشیائی انفرااسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک (اے آئی آئی بی) سمیت دیگر عالمی اداروں سے ڈالرز موصول ہوگئے، جس کے بعد ملکی زرمبادلہ ذخائر میں بڑا اضافہ ہوا ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق پاکستان کے ڈالر ذخائر میں 46.4 کروڑ ڈالرز کا اضافہ ہوگیا، پاکستان کے ڈالر ڈپازٹس کا مجموعی حجم 13 ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا، صرف 2 ہفتوں میں ملکی زرمبادلہ ذخائر میں ایک ارب ڈالر سے زیادہ کا اضافہ ہوا۔
مرکزی بینک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے ڈالر ذخائر 23 ہفتے کی بلند سطح 13.22 ارب ڈالر پر پہنچ گئے، 2023ء کے آخری 15 دن میں ورلڈ بینک، اے ڈی بی، اے آئی آئی بی سے پاکستان کو بڑی تعداد میں ڈالرز ملے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسٹیٹ بینک کے ڈالر ذخائر اضافے کے بعد 8 ارب 22 کروڑ 10 لاکھ ڈالرز ہوگئے جبکہ دیگر بینکوں کے ڈالر ڈپازٹس 10 کروڑ ڈالرز کم ہوکر 5 ارب ڈالر رہ گئے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ غیر ملکی اداروں سے ڈالرز ملنے کے بعد پاکستان کے پاس 50 دن کی درآمدات کا زرمبادلہ جمع ہوگیا۔