ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی چوتھی برسی کے موقع پر کرمان میں دو دھماکوں میں 103 افراد جاں بحق اور 188 زخمی ہوگئے۔ ایرانی حکام نے تصدیق کردی۔ ایرانی صدر نے دہشت گردی میں ملوث کرداروں سے حساب لینے کا اعلان کردیا، کل یوم سوگ ہوگا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق جنرل قاسم سلیمان کی آج چوتھی برسی منائی جارہی ہے، اسی سلسلے میں کرمان شہر میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں 2 دھماکوں میں 103 افراد جاں بحق اور 180 سے زائد زخمی ہوگئے، متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق پہلا دھماکا گیس سلینڈر کا تھا تاہم دوسرے دھماکے کا تعین کیا جارہا ہے۔
ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ دھماکے جنرل قاسم سیلمانی کے مزار کے قریب ہوئے، دھماکے کے وقت لوگوں کی بڑی تعداد وہاں موجود تھی۔
کرمان دھماکوں پر ایران نے کل (جمعرات کو) سوگ کا اعلان کردیا۔
ایرانی صدر کا کہنا ہے کہ کرمان دہشت گرد حملوں میں ملوث کرداروں سے ضرور بدلہ لیں گے۔
ایرانی سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق ایران کے جنوب مشرقی شہر کرمان میں ایک تقریب کے دوران دو دھماکے ہوئے ہیں۔
گورنر کرمان کا کہنا ہے کہ شہر میں دھماکے دستی بم پھٹنے سے ہوئے، یہ دہشت گردی ہے۔
سابق ایرانی کمانڈر قاسم سلیمانی جو 2020 میں ایک امریکی ڈرون حملے میں مارے گئے تھے ان کی یاد میں کرمان شہر میں بدھ کے روز ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں یکے بعد دیگرے دو دھماکے ہوئے۔
دھماکوں کے بعد ریسکیو ٹیمیں اور فورسز کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئے، امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔