فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین امجد زبیر ٹوانہ نے کہا کہ موبائل فون سمز بلاک کرنے اور نان فائلرز کے یوٹیلیٹی کنکشن منقطع کرنے کا عمل جنوری 2024 سے شروع ہوگا۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوٹسز کا جواب دینے کی آخری تاریخ 28-29 دسمبر 2023 تھی، اس کے بعد، ایف بی آر ایک عام آرڈر جاری کرے گا جس میں نان فائلرز کے نام شامل ہوں گے، جن کی بجلی اور گیس کنکشن منقطع ہو جائیں گے۔نان فائلرز کو نوٹس جاری ہونے کے بعد نام جاری کرنا قانونی تقاضا ہے۔ اس کے بعد بجلی/گیس کے کنکشن منقطع کرنے اور سموں کو بلاک کرنے کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔
ایف بی آر نے ’انسداد بے نامی ایڈجوڈیکیٹنگ اتھارٹی‘ کے دو ممبران کی تقرری کے لیے سمری وفاقی کابینہ کو ارسال کر دی ہے۔ چیئرمین ایف بی آر نے بتایا کہ اینٹی بے نامی ایڈجوڈیکیٹنگ اتھارٹی جلد فعال ہو جائے گی۔ توقع ہے کہ وفاقی کابینہ آئندہ اجلاس میں سمری پر غور کرے گی۔ٹیکس انتظامیہ میں جاری اصلاحات کے بارے میں چیئرمین ایف بی آر نے تصدیق کی کہ ان لینڈ ریونیو سروس سے الگ کسٹمز بورڈ کے قیام کی تجویز ہے جو حکومت کے زیر غور ہے۔چیئرمین ایف بی آر نے ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے کی جاری مشق کے تحت 15 لاکھ نئے فائلرز کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کا یقین ظاہر کیا۔
چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ ایف بی آر کی کارکردگی میں بڑی رکاوٹ محدود وسائل ہیں۔ ایف بی آر کے پاس وافر وسائل کی دستیابی کے بعد ایف بی آر کے ریونیو کی وصولی میں مزید اضافہ ہوگا۔