الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے انٹراپارٹی انتخابات کے معاملے پر مزید 14 سیاسی جماعتوں کو نوٹس جاری کردیا۔
اعلامیے کے مطابق جمعیت علمائے پاکستان اور آل پاکستان منارٹی الائنس دیگر 12 جماعتوں کو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن میں انٹراپارٹی انتخابات کیس کی ابتدائی سماعت 4 جنوری کو مقرر کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ 22 دسمبر کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے ’’بلے ‘‘ کا انتخابی نشان واپس لے لیا۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں5رکنی بینچ نے پشاور ہائیکورٹ کے حکم پر پی ٹی آئی کی انٹراپارٹی انتخابات اور انتخابی نشان ’’بلا ‘‘الاٹ کرنے سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔
الیکشن کمیشن کےرکن اکرام اللہ خان کی جانب سے تحریر کیے گئے 11صفحات پر مشتمل فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ہرسیاسی جماعت کیلئے شفاف انٹرا پارٹی انتخابات کرانے ضروری ہیں، الیکشن کمیشن کے حکم پر پی ٹی آئی نے 2 دسمبر کو انٹرا پارٹی انتخابات منعقد کرائے، الیکشن کمیشن نےپی ٹی آئی کے 10 جون 2022 کےانٹرا پارٹی انتخابات کوبھی کالعدم قراردیا تھا۔