اسرائیلی فوج کے نہتے فلسطینیوں پر حملے جاری ہیں، المغازی کیمپ پر بمباری میں سابق وزیر مذہبی امور شہید ہوگئے جبکہ خان یونس میں گھروں پر بمباری میں شہداء کی تعداد 23 ہوگئی۔
فلسطی حکام کے مطابق اسرائیلی طیاروں کی فلسطینی علاقوں پر ظالمانہ بمباری کا سلسلہ جاری ہے، المغازی کیمپ پر گولہ باری میں سابق فلسطینی وزیر مذہبی امور شیخ یوسف سلامہ شہید ہوگئے، وہ فلسطینی قومی کونسل اور فلسطینی مرکزی کونسل کے رکن بھی رہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ شیخ یوسف سلامہ نے مسجد الاقصیٰ کے مبلغ کے طور پر بھی خدمات انجام دی تھیں۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی طیاروں کی خان یونس میں بمباری میں شہادتوں کی تعداد 23 ہوگئی، اسرائیل نے جنوبی علاقے میں گھروں پر میزائل داغے، شہداء میں 5 بچے بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر کے بعد سے اسرائیل کی جانب سے غزہ کی شہری آبادی، نہتے فلسطینیوں، ہجرت کرنیوالے قافلوں، اسپتالوں، اسکولوں اور مساجد پر بمباری کے نتیجے میں شہداء کی تعداد ساڑھے 21 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جن میں نصف سے زیادہ تعداد بچوں کی ہے جبکہ 50 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہیں۔