لاہور ہائیکورٹ نے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کو اشتہاری قرار دینے کا فیصلہ آئندہ سماعت تک معطل کرتے ہوئے فریقین سے جواب طلب کرلیا۔
جمعہ کے روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے فواد چوہدری کو اشتہاری قرار دینے سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔
دوران سماعت درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ فواد چوہدری اس وقت اڈیالہ جیل میں ہیں، انہیں لاہورکی انسدادِ دہشت گردی عدالت سےاشتہاری قراردیا گیا ہے، سکروٹنی میں فواد چوہدری پر اعتراضات دائر کئے جا سکتے ہیں۔
عدالت نے وکیل سے استفسار کیا کہ کس ایکٹ کے تحت اعتراضات ہوسکتے ہیں بتائیں، الیکشن ایکٹ کے تحت بتائیں، کہاں لکھا ہے کہ اشتہاری کی سکروٹنی نہیں ہوسکے گی۔
درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ جب ایک شخص گرفتار اور جیل میں ہوتا ہے تو اشتہاری کا معاملہ ختم ہو جاتا ہے جس پر عدالت نے کہا کہ ملزم جیل میں ہے اسکی ابھی ضمانت بھی نہیں ہوئی۔
عدالت نے آئندہ سماعت تک اشتہاری کا فیصلہ معطل کردیا اور آئندہ سماعت پرفریقین سے جواب طلب کرلیا۔