بلوچستان کے ایک ہی حلقے سے سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ سمیت 4 بھائیوں نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے۔
بلوچستان میں عام انتخابات سے قبل رشتے بھی کمزور پڑگئے، 4 سیاسی قد آور بھائی مد مقابل آگئے۔
بلوچستان کے صوبائی حلقے پی بی 18 پر سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری، سابق وفاقی وزیر میر اسرار اللہ زہری، میر ظفر اللہ خان زہری اور میر نعمت اللہ زہری نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے۔
صوبائی اسمبلی پی بی 18 خضدار ون پر کاغذات نامزدگی منظور ہونے کے بعد چار بھائی مد مقابل ہوں گے، اس حلقے سے پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری مسلسل 2008ء، 2013ء اور 2018ء کے انتخابات جیت کر رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوچکے ہیں۔
مزید تفصیلات جانیے : پی بی 24 گوادر پر دلچسپ صورتحال، تین بھائی، کزن اور بہنوئی مدمقابل
ملک بھر میں 8 فروری کو ہونیوالے عام انتخابات میں بلوچستان کے اس حلقے سے اس بار نواب ثناء اللہ زہری کے مد مقابل ان کے بھائی اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنماء میر اسرار اللہ زہری، جمعیت علماء اسلام کے رہنماء میر ظفر اللہ خان زہری، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء میر نعمت اللہ خان زہری بھی الیکشن لڑ رہے ہیں۔
پی بی 18 خضدار پر چاروں بھائیوں کے الیکشن میں مد مقابل آنے نے عوام کیلئے بھی مشکل کھڑی کردی ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ عام انتخابات میں اس بار کس بھائی کو کامیابی ملتی ہے؟۔