فلسطین اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ کے دوران اسرائیلی فورسز کے غزہ میں المغازی پناہ گزین کیمپ پر فضائی حملے کے نتیجے میں مزید 70 فلسطینی شہید ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق وزارت صحت غزہ کے حکام نے بتایا کہ کیمپ میں رہنے والے خاندانوں کی بڑی تعداد کے پیش نظر شہید ہونے والے افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔
یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب اسرائیلی اور عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ غزہ کی پٹی سے متصل مصر نے اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے لیے ایک نئی تجویز پیش کی ہے۔
رپورٹس کے مطابق حملے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے درجنوں افراد کو مغازی سے قریبی الاقصیٰ اسپتال پہنچایا گیا۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اتوار کو دیر گئے اس حملے میں تین مکانات کو بھی نقصان پہنچا جبکہ وزارت کے ترجمان اشرف القدرہ کے مطابق ایک گنجان آباد رہائشی بلاک کو بھی تباہ کر دیا گیا ہے۔