حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ مصری حکام کے ساتھ غزہ جنگ بندی پرمذاکرات کے لیے قاہرہ پہنچ گئے۔
غیر ملکی میڈیاکی رپورٹس کے مطابق غزہ میں نئی جنگ بندی پر مذاکرات کیلئے قطر میں مقیم حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ اسماعیل ہانیہ منگل کو مصر کے دارالحکومت قاہرہ پہنچے ،جہاں مصری انٹیلی جنس چیف عباس کامل ودیگر کے ساتھ ان کے مذاکرات طے ہیں۔
خیال رہے کہ اسماعیل ہانیہ نے قاہرہ پہنچنے سے قبل دوحہ میں ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان سے بھی ملاقات کی جس میں غزہ اور مغربی کنارے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 20ہزار سے زائد ہوگئی۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق شہید ہونیوالوں میں 8ہزار بچے اور 6200خواتین شامل ہیں،چوبیس گھنٹوں میں اسرائیلی حملوں میں 337فلسطینی شہید ہوئے،جبکہ سات اکتوبر سے اب تک 53ہزار سے فلسطینی زخمی ہوچکے۔