واٹس ایپ میں 2023 کے دوران متعدد نئے فیچرز متعارف کرائے گئے، اب میسیجنگ ایپ کی مالک کمپنی میٹا نے اپنی ایپلیکیشن میں منفرد اور نئے فیچر کا اضافہ کردیا ہے، جو صارفین کی بڑی مشکل آسان کردے گا۔
میٹا نے اپنی پیغام رسانی ایپلیکیشن میں ویڈیو کالز کے دوران اسکرین شیئرنگ کا فیچر متعارف کرایا تھا، واٹس ایپ صارفین کیلئے ایک اور فیچر کا اضافہ کردیا گیا جو ویڈیو کالز کے تجربے کو بدل کر رکھ دے گا۔
نئے فیچر کے ذریعے اب میسجنگ ایپ میں ویڈیو کالز کے دوران آڈیو شیئر کرنا بھی ممکن ہو جائے گا۔
ڈبلیو اے بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ ڈیوائسز کیلئے بیٹا ورژن ویڈیو کالز کے دوران آڈیو شیئر کرنے کا فیچر متعارف کرایا گیا ہے، جس کے تحت ویڈیو کال کے دوران فون میں موجود کوئی بھی آڈیو فائل پلے کرنا ممکن ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق اس فیچر سے صارفین اکٹھے پسندیدہ گانے سن سکیں گے، اکٹھے دفتری کام کرسکیں گے اور بھی کئی مقاصد کیلئے اسے استعمال کیا جاسکے گا۔
رپورٹ کے مطابق جب کوئی صارف ویڈیو کال کے دوران اسکرین شیئر کرے گا تو فون کی جانب سے آڈیو بھی منتقل کی جائے گی، اس فیچر کے ذریعے واٹس ایپ روایتی ویڈیو کانفرنسنگ ایپس جیسے مائیکرو سافٹ ٹیمز، گوگل میٹ، زوم اور فیس ٹائم کو ٹکر دینے کے قابل ہوجائے گا۔
خیال رہے کہ واٹس ایپ میں ویڈیو کالنگ کا فیچر نومبر 2016ء میں متعارف کرایا گیا تھا مگر اسے بتدریج بہتر بنایا گیا، کچھ عرصہ قبل واٹس ایپ کی جانب سے آئی او ایس صارفین کیلئے ویڈیو کالز میں پکچر ان پکچر سپورٹ بھی متعارف کرائی گئی تھی، جبکہ جولائی میں میسیجنگ پلیٹ فارم میں مختصر ویڈیو میسجز کے فیچر کا اضافہ بھی کیا گیا تھا۔
فی الحال آڈیو شیئرنگ کا فیچر بیٹا ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے، یہ کہنا مشکل ہے کہ واٹس ایپ کے تمام صارفین کب تک اس نئے فیچر کا استعمال کرسکیں گے۔