گوگل نے گوگل میپس کی سیٹنگز اسکرین کو نئے ڈیزائن کے ساتھ متعارف کرانا شروع کردیا ہے، نیا ڈیزائن فی الحال محدود صارفین کے لیے جاری کیا گیا ہے اور پکسل فونز پر بیٹا ورژن میں دیکھا جا سکتا ہے۔
نئی سیٹنگز اسکرین کو سادہ اور منظم انداز میں ترتیب دیا گیا ہے، جس میں آپشنز کو سات بڑے حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، تاکہ صارفین کے لیے نیویگیشن آسان ہو سکے۔
اہم تبدیلی یہ ہے کہ گوگل میپس سے سائن آؤٹ کا بٹن اب نمایاں جگہ پر موجود ہے، جبکہ پہلے صارفین کو نیچے تک اسکرول کرنا پڑتا تھا۔ اس کے علاوہ سیٹنگز بند کرنے کے لیے اوپر بائیں کونے میں موجود بیک ایرو کی جگہ اوپر دائیں جانب ایکس بٹن دے دیا گیا ہے۔
گوگل نے کچھ آپشنز کو بھی بہتر طریقے سے متعلقہ مینو میں منتقل کیا ہے، تاہم مجموعی ڈیزائن میں اب بھی میٹیریل تھری ایکسپریسیو اسٹائل مکمل طور پر شامل نہیں کیا گیا، حالانکہ گوگل کی دیگر ایپس میں یہ ڈیزائن پہلے ہی موجود ہے۔





















