نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لاہور کے علاقے باغبانپورہ میں 4 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل ( آئی جی ) پنجاب ڈاکٹر عثمان انور پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
یاد رہے کہ ہفتہ کی رات باغبانپورہ میں فائرنگ سے دو خواتین سمیت چارافراد کے جاں بحق ہونے کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں سلمان نامی ملزم نے اپنی سابقہ بیوی ، اسکی بہن ، اسکے والد اور بھائی کو قتل کیا تھا جبکہ فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔
پولیس نے بتایا کہ زخمیوں میں 55 سالہ خاتون اور 5 سالہ بچی شامل ہیں جن کو سروسز ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں۔ لاہور، باغبانپورہ میں فائرنگ سے دو خواتین سمیت چارافراد جاں بحق
اتوار کے روز نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے مقتولین کے اہلخانہ سےاظہار تعزیت کی اور واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سے رپورٹ بھی طلب کرلی جبکہ انہوں نے زخمیوں کو بہترین علاج معالجہ کی سہولت دینے کی ہدایت بھی کی۔
نگران وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاندانوں کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
علاوہ ازیں محسن نقوی نے شادی ہالز میں ایس او پیز کی پابندی یقینی بنانے کا حکم بھی جاری کیا۔
واضح رہے کہ مذکورہ واقعہ شادی ہال کے باہر پیش آیا تھا۔