پاکستان مسلم لیگ ن نے ملک بھر میں آئندہ سال 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے سلسلے میں انتخابی تیاریوں کا سلسلہ تیز ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے پارلیمانی بورڈ کا گیارہواں اجلاس پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہو،ا جس کی صدارت قائد نواز شریف اورصدرشہباز شریف نے مشترکہ طور پرکی۔اجلاس میں بہاولپورڈویژن سے قومی اسمبلی کی مجموعی طور پرکل پندرہ اورصوبائی اسمبلی کی اکتیس نشستوں کیلئےانٹرویو کئے گئے۔
اجلاس میں ایم این ایز کےلئے ضلع بہاولنگر کی چار، ضلع بہاولپور کی پانچ اورضلع رحیم یار خان کی چھ جبکہ ایم پی ایز کےلئے ضلع بہاولنگر کی آٹھ، ضلع بہاولپور کی دس اورضلع رحیم یارخان کی تیرہ نشستوں کےلئےامیدوارپارٹی قیادت کے سامنے پیش ہوئے، اجلاس میں مریم نوازاورمسلم لیگ ن پنجاب کے صدررانا ثنااللہ سمیت دیگرسینئررہنما بھی شریک ہوئے۔
پارلیمانی بورڈ کےاجلاس میں بہاولپورمیں مسلم لیگ ق کے ساتھ ممکنہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے تحت لیگی واتحادی امیدواروں کا فیصلہ کیا گیا جبکہ پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں ن لیگ کے امیدواروں سے پارٹی وابستگی،حلقے میں مقبولیت سمیت مختلف سوالات پوچھے گئے۔
اس سے پہلے پارلیمانی بورڈ سرگودھا، راولپنڈی، ملتان، ساہیوال، گوجرانوالہ اور ڈیرہ غازی خان ڈویژنز کے علاوہ صوبہ بلوچستان اور صوبہ خیبر پختونخوا کے مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژنز کے انتخابی امیدواروں کے ناموں پر غور کر چکا ہے۔