لاہور میں تھوک مارکیٹ میں چینی کا ریٹ 3 روپے فی کلو گرام کم ہوگیا۔
شوگر ڈیلرز کے مطابق تھوک میں چینی 137 روپے فی کلو میں فروخت ہورہی ہے، 50 کلو تھیلے کی قیمت 6750 روپے پر آگئی،ذخیرہ اندوزو سٹاکسٹ ریٹ بڑھا رہے ہیں۔
دوسری جانب کوئٹہ میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران چینی کی قیمت میں 50 روپے کا اضافہ ہوا۔شہر میں فی کلو چینی 190 روپے میں فروخت ہونے لگی۔
تاجر برادری کا کہنا ہےکہ کوئٹہ کے ضلع بندی اورنئے پرمٹ جاری نہ ہونے کہ وجہ سے چینی کا بحران ہے،بارڈرپار بھی چینی کی اسمگلنگ جاری ہے،جس کی وجہ سے چینی کا بحران جنم لے رہا ہے اورمارکیٹ میں چینی مہنگے داموں فروخت کی جارہی ہے۔
ملک بھر میں چینی کی قیمت میں ہوشربا اضافہ
گزشتہ روز ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی فی کلو قیمت صرف تین دن میں 120 روپے سے بڑھاکر ایک سو بتیس روپے کی گئی تھی۔
چینی کی سو کلو کی بوری 13200 روپے میں فروخت کی جارہی ہے ۔دکانداروں نے چینی کی قیمت میں اضافے کو شوگرملزمالکان اور بڑے شوگر ڈیلرز کی ملی بھگت کا شاخسانہ قرار دیا۔
ہول سیل ٹریڈرمحمد شفقت کا کہنا ہےکہ رواں ماہ کے 8 کاروباری روز میں چینی ہول سیل ریٹ 16 روپے فی کلو مہنگی ہوچکی ہے جس کے اثرات عوام کیلئے ریٹیل مارکیٹ پر بھی نظر آ رہے ہیں
شوگر انڈسٹری کے اسٹیک ہولڈرز کا کہنا ہے کہ کرشنگ سیزن شروع ہونے کے باوجود چینی مہنگی ہونا حکومت کیلئے بڑا سوالیہ نشان ہے شوگر ملز مالکان کا چینی ایکسپورٹ کی اجازت دینے کا مطالبہ بھی قیمت پر اثرانداز ہوا ہے۔