فلسطینیوں پر اسرائیلی بمباری جاری ہے،شمالی،وسطی اور جنوبی غزہ میں صیہونی فوج نے بارود کی بارش کردی،متعدد فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے۔
غزہ خون میں نہا گیا،سفاک صیہونی فورسز کی معصوم فلسطینیوں پر وحشیانہ بمباری جاری ہے،اسرائیلی فورسزکی جانب سے نوصیرات کیمپ، دیرالبلاح ،رفح اور خان یونس میں فضائی حملے کیے گئے۔
شمالی غزہ میں پناہ لینے والےسیکڑوں معصوموں کوگرفتارکرلیاگیا۔فورسز کی جانب سے مسلسل حملوں سے جنوبی غزہ بھی کھنڈر بن گیا۔
جنوبی غزہ میں اسرائیلی فوجیوں اورالقسام بریگیڈز کے درمیان شدید لڑائی جاری ہے،القدس بریگیڈ کےمطابق دس دن میں 180اسرائیلی بکتر بند گاڑیاں تباہ کردیں، بیس سے زائد اسرائیلی فوجی بھی مارے گئے۔
جنوبی کنارے میں چھاپوں اور حراست میں لینے کا سلسلہ بھی کم نہ ہوسکا،رام اللہ ،جنین ،یعبید،البریح اور نابلس میں درجنوں بکتربند گاڑیاں داخل ہوگئیں۔
مصر اور موریطانیہ کی اقوام متحدہ میں امن کے لیے متحد ہونے کی درخواست پر جنرل اسمبلی کا خصوصی اجلاس منگل کو ہوگا، یواین سیکرٹری جنرل نے سلامتی کونسل کی ناکامی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ادارہ مفلوج ہوچکا۔
اقوام متحدہ کے مطابق صحت کی تنصیبات پر بھی حملے ہوئے۔ ہزاروں بے گھر فلسطینی رفح میں غیرانسانی صورت حال سے دوچار ہیں۔
غزہ کی صورت حال تباہ کن صورتحال کے پیش نظر ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے فوری امدادی سامان کی اجازت مانگ لی ہے۔
دوسری جانب حضرت عیسیٰ کی جائے پیدائش بیت الحم کےگرجا گھروں نے بھی وائٹ ہاؤس سےخطے میں جنگ بندی کی درخواست کردی۔