اسرائیل نے غزہ کو صفحۂ ہستی سے مٹانے کا منصوبہ بنالیا، فضاء، زمین اور سمندر سے میزائلوں کی بارش کردی، جبالیہ کیمپ اور شجاعیہ کے رہائشی علاقوں میں بمباری سے 50 سے زائد گھروں کو نشانہ بنایا جس میں مزید 160 افراد فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے، جاں بحق افراد اور زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، سیکڑوں افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
اسرائیل کا عالمی دہشت گردی کا خوفناک منصوبہ سامنے آگیا۔ امریکی اخبار کے مطابق صہیونی حکومت نے جنگ کے بعد دنیا بھر میں حماس کے رہنماؤں پر حملوں کا پروگرام بنالیا، لبنان، ترکیہ اور قطر میں موجود رہنماء نشانہ بن سکتے ہیں۔
امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی خفیہ ایجنسی نے ایک ماہ پہلے یہ منصوبہ تیار کیا تھا، قیدیوں کی رہائی کیلئے منصوبے کو التواء میں ڈالا گیا۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نے غزہ کو صفحۂ ہستی سے مٹانے کا پلان بنایا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق نیتن یاہو نے قطر میں مذاکرات کیلئے موجود خفیہ ایجنسی موساد کی ٹیم کو واپس بلالیا، موساد کی ٹیم قطر میں غزہ جنگ بندی میں توسیع پر مذاکرات کررہی تھی۔
تازہ اطلاعات کے مطابق جنگ بندی کے خاتمے کے بعد دوسرے روز بھی غزہ کے علاقے شجاعیہ اور جبالیہ کیمپ پر اسرائیلی طیاروں نے شدید بمباری کی۔
عرب میڈیا کی رپورٹس کے مطابق شجاعیہ کے علاقے میں 50 گھروں کو نشانہ بنایا گیا، جس میں اب تک 60 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوچکے ہیں۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی طیاروں نے غزہ کے جبالیہ کیمپ میں بھی 5 رہائشی عمارتوں پر بمباری کی، جس میں 100 افراد شہید اور سیکڑوں افراد ملبے تلے دب گئے ہیں۔
غزہ کی وزارت صحت غزہ کے مطابق 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی حملوں میں 40 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہوئے جبکہ شہادتوں کی تعداد 15 ہزار 200 سے بھی تجاوز کرچکی ہے متاثرین میں 70 فیصد خواتین اور بچے شامل ہیں۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسپتالوں کی سروس ختم ہونے کے بعد سینکڑوں زخمی زمین پر زیر علاج ہیں، اسرائیل نے جان بوجھ کر صحت کی 130 تنصیبات کو نشانہ بنایا، طبی عملے کے کم از کم 31 افراد کو حراست میں لیا گیا، غزہ میں طبی عملے کے 280 افراد شہید ہوئے، الشفا اسپتال سے ڈائیلاسز کے مریضوں کو بھی نکالا گیا۔
فلسطینی وزارت صحت کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شمالی غزہ میں 8 لاکھ سے زائد افراد خوراک اور ادویات سے محروم ہیں۔
شامی حکام کے مطابق دارالحکومت دمشق پر اسرائیل نے فضائی حملہ کیا جسے شامی دفاعی نظام نے ناکام بنا دیا، دمشق کے مضافات میں چند مقامات پر میزائل گرے، زیادہ تر میزائل مار گرائے گئے۔
ایرانی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ اسرائیلی فوج کے شامی دارالحکومت دمشق کے قریب میزائل حملے میں پاسدران انقلاب کے 2 گارڈز جاں بحق ہوگئے۔
ترک سدر رجب طیب اردوان کا کہنا ہے کہ اسرائیل غزہ میں ریاستی دہشت گردی کررہا رہے، ترکیہ اس دہشت گردی پر خاموش نہیں بیٹھے گا، اسرائیل وہی کر رہا ہے جو ان کے آباؤ اجداد کے ساتھ ہوا تھا، غزہ کے مستقبل کا فیصلہ حماس کے بغیر نہیں ہوگا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی شہر اٹلانٹا میں جنگ بندی کے خاتمے کے خلاف احتجاج کیا گیا، اس موقع پر ایک شخص نے اسرائیلی قونصلیٹ کے باہر خود کو آگ لگا لی، جسے تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا، نوجوان کو خود سوزی سے روکتے ہوئے ایک سیکیورٹی گارڈ بھی زخمی ہوگیا۔