قومی احتساب بیور (نیب) نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہیٰ کیخلاف ٹھیکوں میں کک بیکس کی تحقیقات مکمل کرکے ایک ارب سے زائد کا ریفرنس دائر کردیا۔
تفصیلات کے مطابق چوہدری پرویزالہیٰ اور چوہدری مونس الہی کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا۔ نیب نے گجرات کے ٹھیکوں میں مبینہ کک بیکس کے الزام پر ایک ارب سے زائد کا ریفرنس دائر کردیا۔
نیب ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ پرویزالہی اورمونس الہی سمیت دیگر نے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا، پرویزالہیٰ نے عہدے کا ناجائز استعمال کیا،کک بیکس اور رشوت لی۔ ملزمان نے گجرات کیلئے غیرقانونی طورپر116اسکیمیں منظور کرائیں اور من پسندٹھیکیداروں کو کانٹریکٹ دلوا کر رشوت لی۔
ریفرنس میں مزید کہا گیا ہے کہ کک بیکس کی رقم مونس الہیٰ اورانکی فیملی کے اکاؤنٹس میں جمع کرائی گئیں،عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ ملزمان تفتیش میں قصور وار پائے گئے،عدالت قرار واقعی سزادے۔