پاکستان اور ازبکستان میں دو طرفہ تجارت دو ارب ڈالر تک لے جانے پر اتفاق ہوگیا جبکہ مختلف شعبوں میں تعاون کے 29 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ ہوا اور وزیراعظم شہباز شریف اور ازبک صدر شوکت مرزائیوف نے مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کر دیئے۔
رپورٹ کے مطابق پاک ازبک جوائنٹ ورکنگ گروپ کے قیام کا بھی اعلان ہوا اور وزیراعظم شہباز شریف نے ازبک صدر کو نسٹ کی طرف سے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری بھی دی۔
دونوں ممالک کی وزارت خارجہ میں تعاون اور انٹر ریجنل فورم کے قیام کے معاہدے جکبہ دفاعی شعبے میں تعاون کیلئے ایکشن پلان کی دستاویز کا بھی تبادلہ کیا گیا۔
دونوں ممالک کے درمیان موسمیاتی تبدیلی اور قدرتی آفات سے نمٹنے میں تعاون ، غذائی تحفظ اور زرعی تحقیق کیلئے مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط ہوئے۔
نشہ آور ادویات کی اسمگلنگ روکنے کیلئے بھی معاہدہ کیا گیا جبکہ کان کنی ، ٹیکسٹائل ، آئی ٹی ، سائنس ، تعلیم اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کیلئے تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔
میری ٹائم تعاون اور تجارت میں سہولت کیلئے بھی مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ازبک صدر کا کہنا تھا کہ آج کا دن میرے لیے بہت یادگار ہے، ڈاکٹریٹ اور پروفیسر شپ ملنا میرے لیے اعزاز ہے، جس طرح میری اور میرے وفد کی شاندار میزبانی ہوئی بیان نہیں کرسکتا اور بھرپور استقبال اور شاندار میزبانی پر شہباز شریف کا مشکور ہوں۔
ازبک صدر کا کہنا تھا کہ اعزازی ڈگری اور پروفیسر شپ اعزاز کے ساتھ ذمہ داری بھی ہے، ازبکستان کی مائننگ یونیورسٹی میں نسٹ چیئر قائم کی جائے گی۔
اس سے پہلے وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر ازبکستان کے صدر کا شاندار استقبال کیا گیا اور مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
دو روزہ دورے پر پاکستان کی حدود میں داخل ہونے پر پاک فضائیہ کے چھ لڑاکا طیاروں نے مہمان صدر کو فضائی سلامی دی اور اُن کے طیارے کو حفاظتی حصار میں لے کر ایئرپورٹ تک پہنچایا۔





















