گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک کا بورڈ نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائنز کی منظوری دے چکا ہے، وفاقی حکومت کی منظوری سے تمام کرنسی نوٹس تبدیل کیے جائیں گے۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کو دوران بریفنگ گورنراسٹیٹ بینک نے کہا کہ نئے کرنسی نوٹ بہتر سیکیورٹی فیچرز اور نئی کلر اسکیم پر مشتمل ہونگے، حکومت وفاقی کابینہ کی منظوری سے عمل درآمد کی مجاز ہے۔
جمیل احمد نے کہا کہ 5 ہزار روپے مالیت کا کرنسی نوٹ ختم کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں، چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ اگر5 ہزار کا نوٹ ختم کرنے کی بات کی گئی تومارکیٹ پربہت بڑا اثر ہوگا۔
چیئرمین کمیٹی سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ اس کمیٹی میں 5 ہزارمالیت کے3جعلی نوٹ ڈپٹی گورنراسٹیٹ بینک کو دیئے تھے، اس پر کوئی کارروائی ہوئی نہ ہمیں نوٹ واپس کیے گئے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ 75 روپے والا نوٹ تو مارکیٹ میں استعمال ہی نہیں ہوتا، ایسے نوٹ بنائیں جو مارکیٹ میں چلیں۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ پانڈا بانڈ رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں جاری کیا جائےگا، پانڈا بانڈ کے اجراء کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔
کمیٹی ارکان نے سوال کیا کہ کیا یو اے ای نے صرف ایک ماہ کیلئے قرض روول اور کیا ہے، جس پر سیکرٹری خزانہ نے کہا کہ ایسی بات نہیں، یہ مناسب سوال نہیں ہے۔




















