فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ کشمیریوں کی سفارتی ، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مظفر آباد کا دورہ کیا اور یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھول رکھے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جانب سے کشمیری شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
فیلڈ مارشل کی معززین اور سابق فوجیوں سے ملاقات بھی ہوئی جس میں انہوں نے کشمیری عوام کی جدوجہد کو سراہا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کی سفارتی ، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی مظالم کشمیریوں کی جائز جدوجہد اور اُن کی امنگوں کو دبانے میں ناکام ہوگئے جبکہ انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں اور ہندو توا نظریے پر مبنی زیادتیاں کشمریوں کا جذبہ نہیں دبا سکیں۔
چیف آف ڈیفنس فورسز نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی ثابت قدم حمایت جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر جلد عوام کی خواہشات کے مطابق آزادی کی صبح دیکھے گا اور پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے جبکہ تنازع کشمیر کے منصفانہ حل تک پاکستان تمام بین الاقوامی فورمز پر مسئلہ اجاگر کرتا رہے گا۔
سپہ سالار نے کشمیر میں تعینات افسران و جوانوں کی لگن ، بلند حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی تیاریوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ افسران و جوان کٹھن آپریشنل حالات کے باوجود احسن طریقے ذمہ داریاں ادا کررہے ہیں۔
انہوں نے دشمن کی کسی بھی کارروائی کا مؤثر انداز میں سدباب کرنے کیلئے اعلیٰ سطح کی آپریشنل تیاری اور چوکس رہنے اور تمام شعبوں میں مربوط ہم آہنگی برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔





















