بگڑتے تعلقات کی وجہ سے جاپان ملک کے آخری دو پانڈا چین واپس بھیج رہا ہے۔
اتوار کے روز جاپان کے ایک چڑیا گھر میں ہزاروں لوگ جمع ہوئے تاکہ ملک کے آخری دو دیوہیکل پانڈا کو الوداع کہہ سکیں، انہیں منگل کے روز چین واپس بھیجا جائے گا۔
ٹوکیو کے چڑیا گھر میں جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے جہاں ہزاروں لوگ قطاروں میں کھڑے رہے، کچھ لوگ ساڑھے تین گھنٹے تک انتظار کرتے رہے تاکہ جڑواں پانڈوں شاؤ شاؤ اور لے لے کو آخری بار دیکھ سکیں۔
جڑواں پانڈوں کی روانگی کے بعد جاپان میں پہلی بار 1972 کے بعد سے کوئی پانڈا نہیں ہوگا، یہ وہ سال تھا جب دونوں ملکوں کے سفارتی تعلقات معمول پر آئے تھے۔
جاپان اور چین کے تعلقات میں تناؤ اُس وقت خطرناک حد تک بڑھ گیا جب جاپانی وزیر اعظم نے کہا کہ اگر چین نے تائیوان پر حملہ کیا تو جاپان اس معاملے میں فوجی مداخلت کرے گا۔
واضح رہے کہ چین خیرسگالی کے طور پر اپنے اتحادی اور بعض حریف ملکوں کو پانڈا بھیجتا رہا ہے تاہم چین اپنے تمام پانڈوں کی ملکیت برقرار رکھتا ہے حتیٰ کہ وہ بچے بھی جو بیرون ملک پیدا ہوں، میزبانی کرنے والے ممالک اس کے بدلے میں ہر جوڑے کے لیے سالانہ تقریباً 10 لاکھ ڈالر چین کو ادا کرتے ہیں۔





















