ایپل 2026 میں اپنی آئی فون لانچ حکمتِ عملی میں بڑی تبدیلی کرنے کی تیاری کر رہا ہے، جس کے تحت کمپنی اپنے مہنگے اور پریمیم آئی فون ماڈلز کو ترجیح دے گی۔ یہ فیصلہ ہائی اینڈ ماڈلز کی بڑھتی ہوئی مانگ اور مینوفیکچرنگ دباؤ کے پیش نظر کیا جا رہا ہے۔
نکی ایشیا کی رپورٹ کے مطابق ایپل 2026 میں تین مہنگے آئی فون ماڈلز کی پیداوار اور ترسیل کو ترجیح دے گا، جبکہ اسٹینڈرڈ آئی فون ماڈل کی لانچ مؤخر کر دی جائے گی۔ رپورٹ کے مطابق عام آئی فون 18 اب 2027 کی پہلی ششماہی میں متوقع ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایپل 2026 کی دوسری ششماہی میں اپنا پہلا فولڈایبل آئی فون متعارف کرانے کا ارادہ رکھتا ہے، جو دو دیگر نان فولڈنگ پریمیم ماڈلز کے ساتھ لانچ کیا جائے گا۔ ان ماڈلز میں بڑے ڈسپلے اور بہتر کیمرہ فیچرز شامل ہوں گے۔
یہ تبدیلی ایپل کی مارکیٹنگ ترجیحات میں ردوبدل اور بڑھتی ہوئی پیداواری پیچیدگیوں کی عکاس ہے، جن میں میموری چِپس کی قیمتوں میں اضافہ اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال شامل ہے۔
نکی ایشیا کے مطابق ایپل کی نئی حکمتِ عملی کا مقصد منافع اور آمدن میں اضافہ کرتے ہوئے مہنگے خام مال اور جدید مینوفیکچرنگ کے خطرات کو کم کرنا ہے۔ ایک آئی فون سپلائر کے ایگزیکٹو نے بتایا کہ سپلائی چین کا ہموار رہنا اس سال ایک بڑا چیلنج ہے، جبکہ فولڈایبل ڈیوائسز کی تیاری زیادہ پیچیدہ ہونے کے باعث تعطل کے خدشات بھی بڑھ جاتے ہیں۔
تاہم، رائٹرز نے نکی ایشیا کی رپورٹ کی فوری تصدیق نہیں کی، جبکہ ایپل نے تبصرے کی درخواست پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔
آئی فون 17 سیریز نے دنیا بھر میں فروخت کو سہارا دیا، جس سے اس خدشے میں کمی آئی کہ ایپل کا ہارڈویئر بزنس سست روی کا شکار ہو سکتا ہے۔
ایپل کے مطابق 27 دسمبر کو ختم ہونے والی مالی سہ ماہی میں آئی فون ریونیو 85 ارب 27 کروڑ ڈالر رہا، جو تجزیہ کاروں کی توقعات سے کہیں زیادہ ہے۔ مجموعی سہ ماہی آمدن میں 16 فیصد اضافہ ہو کر 143 ارب 80 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی۔
کمپنی نے بتایا کہ آئی فون کی فروخت نے تمام جغرافیائی خطوں میں ریکارڈ قائم کیے، جبکہ مجموعی منافع کی شرح 48.2 فیصد رہی، جو توقعات سے بہتر ہے۔





















