وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ کسی’’حقوق کی جدوجہد‘‘ کا نام نہیں، یہ بیرونی سرپرستی میں چلنے والی دہشت گردی ہے، جس کا ہدف پاکستان بھی ہے اور بلوچستان کے اپنے لوگ بھی، یہ عناصر نہ ترقی برداشت کرتے ہیں نہ امن، اسی لیے دہشتگرد مزدوروں، مسافروں اور عام شہریوں کو نشانہ بناتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق خواجہ آصف کا کہناتھا کہ دہشتگرد ترقی کے منصوبے اور روزگار کے مواقع تباہ کرنا چاہتے ہیں، یہ گروہ منشیات پر چلنے والی معیشت، بھتہ خوری، اوراسمگلنگ سے مالی مدد لیتے ہیں، سی پیک جیسے منصوبوں کے خلاف سازش کرتے ہیں، سوشل میڈیا کے ذریعے دہشت گردی کی تشہیر اور نوجوانوں کی بھرتی کرتے ہیں۔ریاست پرعزم ہے، ہمارے قانون نافذ کرنے والے اداروں کا مورال بلند ہے، اور ہم دہشت گرد، سہولت کار اور بیرونی ہینڈلرز، سب کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے ۔انشاء اللّٰہ





















