کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے پشین کے علاقے کلی کربلا میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے مطلوب دہشت گرد ثنااللہ آغا کو ہلاک کر دیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا، جس میں مرکزی ملزم کے دو بھائیوں سمیت مجموعی طور پر 5 دہشت گرد مارے گئے۔ فائرنگ کے تبادلے میں 10 سی ٹی ڈی اہلکار زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کر دیا گیا۔
ترجمان کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے راکٹ لانچر، دستی بم اور بھاری اسلحہ برآمد کیا گیا۔ ہلاک ملزمان دہشت گردی کے متعدد مقدمات میں مطلوب تھے۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق یہ آپریشن ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اعتزاز احمد گورایا کی سربراہی میں کیا گیا، جبکہ کلی کربلا میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔
دریں اثنا، انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محمد طاہر نے سی ایم ایچ کوئٹہ کا دورہ کیا اور زخمی اہلکاروں کی عیادت کرتے ہوئے ان کی بہادری اور پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا۔





















