چیئر مین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہاہے کہ ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ میں شرکت سے متعلق حتمی فیصلہ جمعہ یا پیر کو ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق محسن نقوی نے ایکس پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’’وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف سے ایک نتیجہ خیز ملاقات ہوئی، جس میں انہیں آئی سی سی کے معاملے پر بریفنگ دی گئی، وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تمام آپشنز کو سامنے رکھتے ہوئے اس مسئلے کو حل کیا جائے۔ ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ حتمی فیصلہ جمعہ یا آئندہ پیر کو کیا جائے گا۔‘‘
یاد رہے کہ بنگلہ دیش نے سیکیورٹی مسائل کے باعث بھارت میں کھیلنے سے انکار کر دیا تھا اور آئی سی سی سے میچز سری لنکا منتقل کرنے کی درخواست کی لیکن انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے میچز کو سری لنکا منتقل کرنے سے انکار کرتے ہوئے بنگلہ دیش کی ٹیم کی جگہ سکاٹ لینڈ کو ٹی ٹوینٹی ورلڈپ کے شیڈول میں شامل کر لیا ۔
پاکستان کی جانب سے احتجاج ریکارڈ کروانے کیلئے مختلف آپشنز پر غور کیا جارہاہے اور اسلسلے میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے آج وزیراعظم شہبازشریف سے اہم ملاقات بھی کی جس کا احوال انہوں نے ایکس پر پیغام جاری کرتے ہوئے بتایا ۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ زیر غور تجاویز میں پہلی تجویز ہے کہ ہر میچ میں سیاہ پٹیاں باندھ کر شرکت کی جائے ، دوسری تجویز ہے کہ پاکستان بھارت کیخلاف میچ کا بائیکاٹ کرے جبکہ تیسری تجویز یہ ہے کہ پاکستان ٹیم ہر فتح بنگلہ دیش کے نام کرے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سابق کھلاڑیوں سے بھی مشاورت کر رہے ہیں۔





















