وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس اسلام آباد میں پاسپورٹس درخواستوں، پرنٹنگ، کارکردگی کےجدید ترین مانیٹرنگ نظام کا افتتاح کردیا۔ وزیر داخلہ کی ہدایت پر ایمرجنسی ٹریول ڈاکومنٹ کا نظام بھی ڈیجیٹل کر دیا گیا ہے۔ محسن نقوی نے کہا پاکستان پاسپورٹ سسٹم کو اب دنیا کے بہترین ممالک کے نظام کے مطابق ڈھال دیا گیا ہے۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس میں مانیٹرنگ روم اور کال سینٹر 24 گھنٹے بلا تعطیل فعال ہے۔ وزیرداخلہ محسن نقوی کوسیکوئر ہائبرڈ انٹیلیجنس فار نالج بینڈ رسپانس انالیٹکس سسٹم پربریفنگ دی گئی۔ وزیرداخلہ نے جدید ٹیکنالوجی پرمبنی مانیٹرنگ سسٹم متعارف کرانے پر ڈی جی امیگریشن اورٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔
محسن نقوی نے کہا کہ نئے پاسپورٹ سسٹم سے پاکستان اور دنیا بھر میں پاسپورٹ درخواستوں، اور ڈیلیوری کی رئیل ٹائم مانیٹرنگ ممکن ہوگی، پاسپورٹ اپلائی ہونے سے ڈیلیوری تک ہر مرحلے پر نگرانی کی جا سکے گی،مانیٹرنگ کے جدید نظام سے محکمہ پاسپورٹس کی کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی پاسپورٹ کے سیکیورٹی فیچرز کو آئی سی اے اواسٹینڈرڈز کے مطابق بنایا گیا ہے،آٹومیٹک مشینوں سےپاسپورٹ پرنٹنگ پراسس سےانسانی مداخلت کومکمل ختم کردیا گیا ہے، وزیر داخلہ نے ای مانیٹرنگ روم ، کال سینٹر، فرانزک لیب اور جدید پروڈکشن یونٹ کا دورہ کیا۔ کہا ڈیجیٹل اینٹگریٹڈ ڈیش بورڈ سے ڈیلی آپریشنز و تمام اسٹاف کی کارکردگی کی مانیٹرنگ اور ایویلیوایشن ہوگی۔






















