صدر مملکت آصف علی زرداری آج سے 29 جنوری تک متحدہ عرب امارات کا سرکاری دورہ کریں گے۔ صدر کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی یو اے ای جائے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دورے کے دوران صدر پاکستان کی متحدہ عرب امارات کی قیادت سے اہم ملاقاتیں ہوں گی جن میں پاکستان اور یو اے ای کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔ بات چیت میں خاص طور پر تجارت، اقتصادی شراکت داری، دفاع، سیکیورٹی اور عوامی رابطوں کو فروغ دینے پر توجہ دی جائے گی۔
ملاقاتوں میں خطے اور عالمی سطح پر درپیش اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق صدر مملکت کا یہ دورہ حالیہ دنوں میں یو اے ای کے صدر کے دورۂ پاکستان کے بعد ہو رہا ہے جو دونوں برادر ممالک کے درمیان گہرے، مضبوط اور دیرینہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔
دورہ اس عزم کی تجدید بھی ہے کہ پاکستان اور یو اے ای اپنی دوستی کو ایک مضبوط اور باہمی فائدے پر مبنی شراکت داری میں تبدیل کریں گے۔






















