لاہور کے علاقے سبزہ زار میں ایک اور خطرناک واقعہ پیش آیا جب پالتو شیر نے 8 سالہ بچے واجد علی کا بازو چبا لیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز کے ترجمان کےمطابق واقعہ ایک بریڈنگ فارم پرپیش آیا،جہاں بچے کھیلتے ہوئے شیروں کے قریب چلے گئے،ترجمان نےبتایا کہ حملہ شیروں کے نامناسب پنجروں اور مالکان کی غفلت کی وجہ سے ہوا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
واقعے کےفوری بعد بچے کو اسپتال منتقل کیا گیاجہاں ڈاکٹروں نےجان بچانے کے لیےبچےکا بازو کاٹ کر الگ کیا، بچےکو مزید طبی امداد کے لیے گنگا رام اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے،بچےکواسپتال لے جا کر ڈاکٹر کو ہاتھ مشین میں آنے کا بتایا گیا۔
بچے کے علاج کےلیےپانچ رکنی میڈیکل بورڈ قائم کردیا گیا،میڈیکل بورڈ میں شامل ایم ایس گنگارام اسپتال نےکہا کہ نجی اسپتال میں بچے کے بازو کی سرجری کر دی گئی ہے،اس وقت بچے کی حالت نارمل ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے نوٹس لیتے ہوئے مالکان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم دے دیا ہے،مالکان نےوقوعہ پولیس سے چھپانے کی بھی کوشش کی، جس کی فوری روک تھام کی گئی۔
متاثرین کی جانب سے کارروائی نہ کروانے پر واقعے کا مقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج کر لیا گیا،مقدمہ میں وائلڈ لائف ایکٹ سمیت دیگر دفعات شامل کی گئیں۔






















