وفاقی پولیس نے ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی چٹھہ کو گرفتارکرلیا،اسلام آباد بار ایسوسی ایشن نےگرفتاری کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے آج ہڑتال کا اعلان کر دیا۔
ایمان مزاری اور ان کے شوہر گرفتاری کے خدشے کے پیش نظر گزشتہ تین روز سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہی مقیم تھے،آج جب وہ وکلا رہنماؤں کے ہمراہ ڈسٹرکٹ کورٹ میں پیشی کیلئے نکلے تو پولیس نے سرینا چوک انڈرپاس میں ان کی گاڑی کو روکا اور دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر لے گئے۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے اسلام آباد ہائیکورٹ کےباہرلڑائی جھگڑا کیس میں دونوں ملزمان کی ضمانت خارج کی تھی،پولیس کی جانب سے تاحال اس بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا کہ انہیں کس مقدمے میں گرفتار کیا گیا ہے۔
اسلام آباد بار ایسوسی ایشن نےگرفتاری کی مذمت کرتےہوئے آج ہڑتال کا اعلان کردیا ہے۔باراعلامیہ میں کہا گیا ہےکہ ملزمان کی ضلعی کچہری جاتے ہوئے گرفتاری غیرقانونی ہے۔
ذرائع کےمطابق انسدادِ دہشت گردی عدالت نےایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی ضمانتیں منسوخ کر دی تھیں،واقعے کے بعد ہائیکورٹ کے باہر سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے،ایمان مزاری اورہادی علی کو بذریعہ ویڈیو لنک جج افضل مجوکاکی عدالت میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔






















