انگلینڈ کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان اور آل راؤنڈر بین سٹوکس انڈین پریمئیر لیگ ( آئی پی ایل ) کے آئندہ ایڈیشن سے دستبردار ہوگئے۔
انگلش میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹیسٹ کپتان بین اسٹوکس نے خود کو آئی پی ایل کے آئندہ ایڈیشن کے لیے غیر دستیاب قرار دے دیا ہے اور ان کی فرنچائز چنئی سپر کنگز نے جمعرات کو اس فیصلے کی تصدیق بھی کی ہے۔
رپورٹس کے مطابق سٹوکس نے اپنے بائیں گھٹنے کی سرجری کی وجہ سے انڈین پریمئیر لیگ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ وہ چاہتے ہیں کہ جنوری میں دورہ بھارت سے قبل وہ مکمل صحت یاب ہوں ۔
سٹوکس نے ورلڈ کپ 2023 کے دوران بھی کہا تھا کہ امید ہے کہ میں بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے فٹ رہوں گا۔
انہوں نے بتایا تھا کہ ورلڈ کپ کے بعد میری سرجری ہو رہی ہے اور یہ فیصلہ کرنے میں کافی وقت لگا کہ یہ کب ہونی چاہیے۔
دوسری جانب چنئی سپر کنگز کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فرنچائز انتظامیہ سٹوکس کے فیصلے کی حمایت کرتی ہے۔