سسپنس اور سماجی مسائل،سال 2025 کے وہ ڈرامے جنہوں نے ریٹنگ کے ریکارڈ توڑ دیے۔
سال 2025 پاکستانی ٹیلی ویژن کی تاریخ میں ایک انقلابی سال ثابت ہوا ہے،جہاں پروڈکشن ہاؤسز نے روایتی ساس بہو کےقصوں سے نکل کرسماجی انصاف،نفسیاتی پیچیدگیوں اورمنفرد تجربات پر مبنی کہانیوں کو ترجیح دی۔
اس سلسلےمیں ڈرامہ ’کیس 9‘ سب سے نمایاں رہا،معروف صحافی شاہزیب خانزادہ کی تحریر کردہ اس کہانی نےعدالتی نظام اورجنسی تشدد کےخلاف جدوجہد کو اتنی باریکی اورسچائی سے پیش کیا کہ اس نے قومی سطح پر ایک نئی بحث چھیڑ دی،صبا قمر کی سحرانگیز اداکاری اور فیصل قریشی کے منفی کردار نے اس ڈرامے کو ریٹنگ کے تمام ریکارڈز توڑنے میں مدد دی۔
اسی طرح ڈرامہ’جمع تقسیم‘ مشترکہ خاندانی نظام کی تلخ حقیقتوں اورخواتین کےحقوق کی پامالی کو ایک نئے زاویے سےسامنے لایا،جس میں ماورہ حسین اور طلحہ چہور نے اپنی بہترین اداکاری سے ناظرین کو بے حد متاثر کیا۔
جہاں سنجیدہ موضوعات کا راج رہا،وہیں ’تن من نیلو نیل‘ نے ہجوم کے تشدد اور توہینِ مذہب کے الزامات جیسے حساس موضوعات کو جس دلیری سے چھوا، وہ اپنی مثال آپ ہے۔ سحر خان اور شجاع اسد کی جوڑی نے اس ڈرامے میں بھرپور تاثر چھوڑا۔
دوسری جانب ڈرامہ ’پامال‘ نےشادی شدہ زندگی میں نفسیاتی تشدد اورمردانہ غلبے کے اثرات کو صبا قمرکی زبانی ایک ڈائری کی شکل میں پیش کر کےناظرین کوہلا کر رکھ دیا۔ اس کےساتھ ساتھ ’پرورش‘ اور’قرضِ جاں‘ نےنوجوان نسل کےمسائل اورقانونی جنگ کو اپنا مرکز بنایا،جبکہ یمنیٰ زیدی اور اسامہ خان کی جوڑی نے ’قرضِ جاں‘ میں اپنی کیمسٹری سے شائقین کے دل جیت لیے۔
مزید برآں، سال 2025 مزاح اور تھرلر کے امتزاج کے لیے بھی یادگار رہا۔وہاج علی اور سحر خان کے ہارر کامیڈی ڈرامے’جن کی شادی، ان کی شادی‘ نےایک انوکھا تجربہ پیش کیاجس نےثابت کیاکہ پاکستانی ناظرین اب نئےتجربات کے لیے تیار ہیں۔
دوسری طرف دانش تیمور اورسارہ خان کےمیگا پراجیکٹ ’شیر‘ نے ایکشن اورروایتی دشمنی کی کہانی نے سب کو اپنا گرویدہ بنایا،مجموعی طور پر ’دستک‘ اوردیگر ڈراموں کی کامیابی یہ ظاہر کرتی ہے کہ 2025 میں پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری نےناصرف معیاربلکہ موضوعات کے تنوع میں بھی عالمی سطح پر اپنی پہچان کو مزید مستحکم کیا ہے۔






















