فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ کے دوران اسرائیلی فضایئہ کے حملے میں ایک اور فلسطینی صحافی شہید ہوگیا۔
عرب خبر رساں ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فضائی حملوں میں فوٹو جرنلسٹ محمد معین اپنے خاندان کے متعدد افراد سمیت شہید ہو گئے ہیں۔
فلسطینی خبر رساں ایجنسی وفا نے رپورٹ کیا کہ جمعرات کو اسرائیلی جیٹ طیاروں نے نصیرات پناہ گزین کیمپ میں محمد معین کے گھر پر بمباری کی۔
دوسری جانب کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس کے مطابق 7 اکتوبر سے جنگ شروع ہونے کے بعد سے کم از کم 53 صحافی اور میڈیا ورکرز جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر کو فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کی جانب سے اسرائیلی پر حملہ کیا گیا تھا جس کے جواب میں اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے حماس کے خلاف جنگ کا اعلان کیا تھا اور اب تک اس جنگ کے نتیجے میں 14 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔