قطر کی فٹبال ٹورنامنٹس کی مقامی آرگنائزنگ کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ ایشیا کپ میچز کے ٹکٹس سے حاصل آمدنی فلسطین ریلیف فنڈ میں عطیہ کی جائے گی۔
اسرائیل کی جانب سے غزہ پر تقریباً ڈیڑھ ماہ سے ظالمانہ بمباری جاری ہے، جس کے نتیجے میں اب تک 13 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، شہداء میں ساڑھے 5 ہزار کے قریب بچے اور ساڑھے 3 ہزار سے زائد خواتین بھی شامل ہیں۔
دوحا میں پریس کانفرنس کے دوران قطر کی فٹبال ٹورنامنٹس مقامی آرگنائزنگ کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ ایشیا کپ 2023ء کے میچز کے ٹکٹ سے حاصل ہونیوالی آمدنی فلسطینوں کی امداد کیلئے جاری اقدامات کیلئے عطیہ کی جائے گی۔
کمیٹی کے چیئرمین حماد بن خلیفہ الثانی نے کہا کہ یہ واضح نہیں کیا کہ ٹکٹوں سے حاصل آمدنی کا کتنا حصہ امدادی کاموں کیلئے دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کے اس اقدام سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والوں کو فائدہ پہنچے، اور یہ بھی کہ فٹبال مشکل ترین وقت میں لوگوں کیلئے ایک معاون طریقۂ کار کے طور پر اپنا کردار ادا کرتا ہے۔
قطر جنوری 2024ء میں ایشیا کپ فٹبال کی میزبانی کرے گا، اس نے دیگر خلیجی ممالک کی طرح ضروری اشیاء اور طبی سامان مصر کے راستے غزہ بھیجا ہے۔
گیس سے مالا مال خلیجی ریاست میں واقع مقامی اور بین الاقوامی کاروباری اداروں اور تنظیموں نے بھی فلسطینی سرزمین کیلئے فنڈز اکٹھا کرنے کیلئے مہم شروع کر رکھی ہے۔