رہنما پیپلزپارٹی ندیم افضل چن کا کہنا ہے کہ ساتھ اتحاد مجبوری ہے۔ شوق سے حکومت کے ساتھ نہیں۔
سماء کے پروگرام ندیم ملک لائیو میں گفتگو کرتے ہوئے ندیم افضل چن نے کہا کہ ہمارا نظریہ ن لیگ سے نہیں ملتا، صرف ملک کا نظام چلانے کے لیے ساتھ بیٹھے ہیں۔
ندیم افضل چن کا کہنا تھا کہ ہماری ریاست کی کوئی واضح پالیسی نظرنہیں آرہی، یہ سامنے آناچاہیے کہ امریکا ہم سے کیا مانگ رہا ہے، فلسطین کے حوالے سے معاہدے پر پارلیمان کی مہرلگوانی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سے معاہدے سمیت تمام معاہدے پارلیمان میں پیش ہونے چاہئیں، فلسطین کی حیثیت وہی رہنی چاہیے، پاکستان کا امن میں مثبت کردار ہوگا جس پر بعد میں دھبہ نہ لگے تو خوش آئند ہے۔
پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف عون عباس بپی نے کہا کہ امن معاہدے میں فلسطین کی آزادی نظر نہیں آرہی، وزیراعظم شہبازشریف کو اتنی جلدی کیا تھی، فلسطینی صدر کا بیان آنے دیتے، اسحاق ڈار جس طرح بیانیہ لے کر چل رہے ہیں، اتنا سامنے آنے کی ضرورت نہیں، حکومت کو غزہ امن معاہدے پراپوزیشن کوبھی آن بورڈ لینا چاہیے۔
اس موقع پر لیگی رہنما بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ مستقبل میں پاکستان کا کردار ثالث کا ہوگا، پاکستان اور سعودی عرب معاہدے کے حوالے سے بہتر چیزیں ہوں گی، پاکستان اس پورے سفر میں فتح یاب ہوکر نکلا ہے۔






















