وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ستائیسویں آئینی ترمیم کے مسودے کی منظوری دے دی گئی،وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آئینی ترمیم وفاق اور صوبوں کے تعلقات کی مضبوطی اور ملک کے وسیع تر مفاد میں تیار کی گئی ہے
وزیراعظم شہباز شریف نے باکو سے ویڈیو لنک کے ذریعے وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کی۔اعلامیے کےمطابق اجلاس میں کابینہ نے27 آئینی ترمیم کےمسودے کی منظوری دی اوراسکابھرپور خیرمقدم کیا۔ وزیراعظم نے اجلاس میں کابینہ ارکان اوراتحادی جماعتوں کاشکریہ ادا کیا۔
اجلاس کے بعد وزیراعظم نےکہا کہ وفاق اور صوبوں کےتعلقات کی مضبوطی اور ملک کے وسیع مفاد میں آئینی ترمیم تیار کی گئی ہے،وزیراعظم نےوزارت قانون،اٹارنی جنرل اورٹیم کی کوششوں کوقابل تحسین قرار دیا،وزیراعظم نے اپنے قائد میاں نواز شریف اورصدر مملکت آصف علی زرداری کو ترمیم کے حوالے سے اعتماد میں لیا اور رضامندی پر شکرگزاری کا اظہار کیا۔
انہوں نےتمام اتحادی جماعتوں کےسربراہان، بشمول بلاول بھٹو زرداری، خالد مقبول صدیقی، عبدالعلیم خان، خالدحسین مگسی اور چوہدری سالک حسین کا بھی شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نےمزیدکہا کہ دیگر سیاسی رہنماؤں جیسےایمل ولی اوراعجاز الحق کوبھی آئینی ترمیم پر اعتماد میں لیاگیا،اللہ کے فضل اورسیاسی و معاشی استحکام کےباعث ملک کی سمت درست ہوئی اورترقی و خوشحالی کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔






















