چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ پاکستان ایسا کوئی فیصلہ قبول نہیں کرے گا جو اسرائیل کو تسلیم کرنے سے متعلق ہو۔ اسرائیل کو تسلیم کرنے کے ہر فیصلے کی مخالفت کرتے ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پاکستان کے لیے غزہ بہت اہم ہے، یہ بہت سنجیدہ معاملہ ہے۔ پاکستان فلسطین پر وہ حل تسلیم کرے جو امت مسلمہ کو منظور ہو۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ حکومت اقوام متحدہ میں وزیر دفاع خواجہ آصف کے پیچھے بیٹھی عورت سے متعلق پارلیمنٹ میں وضاحت پیش کرے۔ وزیر دفاع کے پیچھے بیٹھی عورت پاکستانی وفد کا حصہ تھی مگر دفتر خارجہ نے انکار کردیا کہ یہ خاتون ہمارے وفد کا حصہ نہیں تھی، یہ عورت کہاں سے آئی؟کن اجلاسوں میں شریک ہوئی؟اسمبلی کو بتایاجائے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اڈیالہ جیل سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی منتقلی کی خبر سنی ہے۔ اگر یہ سچ ہے تو اس اقدام کی مذمت کریں گے۔ کسی کو ایسے دوسری جگہ منتقل نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اور اسٹیبلشمنٹ سے فی الحال کوئی مذاکرات نہیں ہورہے۔






















