وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے شراب اور اسلحہ برآمدگی کیس میں وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے علی امین کو گرفتار کرکے 17 ستمبر کو پیش کرنے کا حکم دیدیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری ملزم اور وکلا کی عدم پیشی پر جاری کئے ۔ کچھ دیر بعد علی امین گنڈا پور کے وکیل راجہ ظہور الحسن عدالت میں پیش ہوئے اور کہا سر آپ نے میرے مؤکل کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ہیں ۔ میڈیا پر بھی چل گیا ہے میرے مؤکل کی سبکی ہو گئی ہے ۔
جج نے کہا میں میڈیا کو کیا کہہ سکتا ہوں ؟ آپ کا کوئی جونیئر بھی آ کر تاریخ مانگتا تو میں دےدیتا، آپ ملزم کو پیش کریں میں وارنٹ کینسل کر دوں گا۔ وکیل نے وارنٹ معطل کرنے کی استدعا کی جو عدالت نے مسترد کر دی ۔
کیس کی آئندہ سماعت 17 ستمبر کو ہوگی ۔ علی امین گنڈا پور کےخلاف تھانہ بھارہ کہو میں مقدمہ درج ہے ۔






















