لاہور سمیت پنجاب کے متعدد علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کےمطابق اسلام آباد سیالکوٹ،نارووال، گوجرانوالہ، گجرات اورمری میں بارش متوقع ہے، گلیات، راولپنڈی، جہلم، منڈی بہاؤالدین میں بارش کا امکان ہے۔
لاہور کےمتعدد علاقوں میں کہیں ہلکی اورکہیں تیز بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا،گجرات میں وقفے وقفے سے ہونیوالی بارش نے پورا شہر ڈبو دیا،شہر کی اہم سڑکیں اورگلی محلے ڈوب گئے،کورٹ روڈ،سرگودہا روڈ، کچہری چوک، بھمبھر روڈ، رحمن شہید روڈ اور شادمان غریب پورہ سمیت اندورنِ شہر تین تین فٹ پانی جمع ہو گیا،بارش کا پانی مساجد اورگھروں میں داخل ہو گیا، شہری گھروں سے نقل مکانی پر مجبور ہو گئے۔
حافظ آباد شہرمیں ٹھنڈی ہوا کےساتھ بارش سےموسم خوشگوار ہوگیا،بارش کے بعد درجہ حرارت 23 ڈگری ریکارڈ کیا جارہا ہے،محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔
ملک بھر میں مون سون بارشوں اور سیلاب سے گذشتہ چوبیس گھنٹے کےدوران مزید 18 افراد جاں بحق اور 29 زخمی ہو گئے،چالیس مکانات کو بھی نقصان پہنچا، 26 جون سے آج تک ملک بھر میں ہلاکتیں 881 ، زخمیوں کی تعداد 1176 ہوگئی۔






















