پاکستانی روپے کے مقابلے انٹربینک میں امریکی ڈالر کی قیمت میں کمی کا سلسلہ جاری ہے تاہم اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی نے ایک بار پھر سے ٹرپل سنچری کر لی ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان ( ایس بی پی ) کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق کاروباری ہفتے کے تیسرے روز انٹربینک میں امریکی کرنسی کی قیمت میں ایک روپے 7 پیسے کی کمی ہوئی۔
Interbank closing #ExchangeRate for today https://t.co/MfoTzkTVkZ#SBPExchangeRate pic.twitter.com/pSllzOxdht
— SBP (@StateBank_Pak) September 13, 2023
ایس بی پی کے مطابق بدھ کے روز انٹربینک میں ڈالر ایک روپے 7 پیسے کی کمی کے بعد 298.82 روپے کی سطح پر بند ہوا۔
خیال رہے کہ انٹر بینک میں ڈالر اپنی بلند ترین سطح سے 8 روپے 28 پیسے سے نیچے آچکا ہے۔
دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی گرتی قدر کو بریک لگ گئی اور امریکی کرنسی نے ایک بار پھر سے ٹرپل سنچری بنالی۔
کرنسی ڈیلرز کے مطابق بدھ کے روز اوپن مارکیٹ میں ڈالر ایک روپیہ مہنگا ہونے کے بعد 300 روپے کا ہوگیا۔
فاریکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک بوستان کہتے ہیں کہ مافیا ڈالر کو بچانے کیلئے میدان میں آگیا ہے، ڈالر بیچنے والوں سے پوچھ گچھ سے خوف پیدا ہوا ہے، انہیں آن لائن پورٹل کی سہولت دی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک سازش کے تحت آرمی چیف اور حکومت کی کوششوں کے خلاف اقدامات کئے گئے ہیں لیکن بلیک مارکیٹ اور سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہا تو ڈالر 290 روپے پر آسکتا ہے۔