فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو رواں ماہ ٹیکس وصولیوں میں 50 ارب روپے کی کمی کا سامنا رہا۔
ایف بی آر ذرائع کے مطابق اگست 2025ء میں 901 ارب روپے ٹیکس اکٹھا کیا گیا جبکہ ہدف 951 ارب روپے مقرر تھا۔
ذرائع کے مطابق ٹیکس وصولیوں میں کمی کی بڑی وجوہات سیلاب، بجلی و گیس کے کم استعمال، پراپرٹی سیکٹر اور کاروباری سرگرمیوں میں سست روی کو قرار دیا گیا ہے۔
جولائی 2025ء میں ایف بی آر نے 750 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں 762 ارب روپے جمع کیے تھے۔
اس طرح رواں مالی سال کے ابتدائی دو ماہ (جولائی تا اگست) میں ٹیکس محصولات 1663 ارب روپے تک پہنچ گئے تاہم مقررہ ہدف 1698 ارب روپے تھا یعنی ریونیو میں مجموعی طور پر 35 ارب روپے کی کمی کا سامنا کرنا پڑا۔
ذرائع کے مطابق ستمبر 2025ء میں مزید 1430 ارب روپے اکٹھے کرنے ہوں گے جس کے بعد مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ٹیکس ہدف 3128 ارب روپے تک جا پہنچا ہے۔
رواں مالی سال کے لیے ایف بی آر کا مجموعی ٹیکس ہدف 14 ہزار 131 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے۔



















