پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاء اشرف کے ساتھ سینئر کرکٹرز کی ہونے والی اہم ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے۔
منگل کے روز قذافی سٹیڈیم لاہور میں چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف سے سینئر کرکٹرز نے اہم ملاقات کی جس کے دوران قومی کرکٹ کے حوالے مشاورت کی گئی۔
ملاقات کے دوران ذکاء اشرف نے مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض، محمد حفیظ اور سہیل تنویر سے رائے لی جبکہ سینئر کرکٹرز کی جانب سے انہیں اہم مشورے دئیے گئے۔
ذرائع کے مطابق سینئر کھلاڑیوں نے پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) کی بنیاد پر کھلاڑیوں کی سلیکشن پر سوال اٹھایا اور کہا کہ پی ایس ایل کی بنیاد پر کھلاڑیوں کی سلیکشن سمجھ سے باہر ہے، ایک پی ایس ایل کے میچ میں اچھی اننگز کے بلبوتے پر کھلاڑی کو قومی ٹیم میں شامل کیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں۔ذکاء اشرف نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کو فارغ کردیا
سینئرز کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ جس کھلاڑی نے ڈومیسٹک نہیں کھیلا وہ پی ایس ایل سے قومی ٹیم میں آتا ہے جو کہ ڈومیسٹک سیزن کھیلنے والوں کے ساتھ نا انصافی ہے، جب ڈومیسٹک سیزن کے پرفارمرز کو عزت نہیں دی جائے گی تب یہی رزلٹس سامنے آئیں گے۔
سینئرز کرکٹرز نے رائے دی کہ سلیکشن کمیٹی وہ ہونی چاہیے جو میرٹ پر کام کرے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران بابر اعظم کی کپتانی سے متعلق ذکاء اشرف کی جانب سے مشورہ مانگا گیا کہ ان کی کپتانی پر سب تنقید کررہے ہیں کیا کریں؟ جس پر سینئر کرکٹرز کا کہنا تھا کہ ابھی کپتانی پر بات نہ کریں اور بابر اعظم کو ابھی کپتان رہنے دیں اسکو نہ چھیڑیں۔
سینئرز کرکٹرز نے مشورہ دیا کہ ابھی ٹیسٹ سیریز ہے اور اگلے سال ٹی ٹونٹی ورلڈکپ ہے اسکو مدنظر رکھ کر فیصلے کریں۔
خیال رہے کہ ورلڈ کپ 2023 میں ناقص کارکردگی پر قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کیمٹی کو فارغ کر دیا گیا ہے۔