پاکستان کے 78ویں جشن آزادی اور معرکہ حق میں کامیابی کی مناسبت سے اسلام آباد جناح گراؤنڈ میں پروقار تقریب منعقد کی گئی جس میں صدر پاکستان آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت اعلیٰ سول و عسکری قیادت شریک ہے۔
تفصیلات کے مطابق تقریب میں وفاقی وزراء ، دوست ممالک کے سفراء اور اراکین اسمبلی، خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف بھی شریک ہوئیں ۔
تقریب کے دوران پاک فوج،ایس ایس جی کمانڈوز، بحریہ، فضائیہ، پنجاب رینجرز اور ایف سی خیبر پختونخوا کے دستوں نے مارچ پاسٹ کیا ۔ جبکہ پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے صدر مملکت آصف علی زرداری کو سلامی پیش کی ۔طیاروں کی گھن گرج سن کر شہری بھی پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگاتے رہے۔
ان کے علاوہ پاکستان کے دوست ممالک آذربائیجان اور ترکیہ کے فوجی دستوں نے شاندار مارچ پاسٹ کا مظاہرہ کیا ۔ تقریب میں پاکستان کے معروف گلوکاروں کی جانب سے ملی نغمے بھی پیش کیئے گئے۔






















