آئی سی کرکٹ ورلڈ میں ناقص کارکردگی کے بعد قومی ٹیم کے کھلاڑی بھارت سے براستہ دبئی پاکستان پہنچیں گے تاہم ٹیم اکٹھی وطن نہیں آئے گی اور کھلاڑی مختلف شہروں میں اتریں گے۔
پاکستان ٹیم آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں متاثر کن پرفارمنس نہیں دکھا سکی اور میگا ایونٹ کے سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔
قومی کھلاڑی کولکتہ سے 2 مختلف پروازوں سے براستہ دبئی وطن واپس پہنچے گی، فاسٹ بولر حسن علی اہلیہ کے ہمراہ بھارت میں قیام کریں گے اور 22 نومبر کو وطن لوٹیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ٹیم کے 11 ارکان کا پہلا گروپ آج 12 نومبر صبح 8 بجکر 55 منٹ پر ایمریٹس ایئر لائن کی پرواز ای کے 571 کے ذریعے کولکتہ سے روانہ ہوا۔
دیگر کھلاڑی اور بورڈ آفیشلز بھی آج 12 نومبر کو رات 8 بج کر 20 منٹ پر ایمریٹس کی پرواز ای کے 573 کے ذریعے کولکتہ ایئرپورٹ سے دبئی روانہ ہوئے۔
قومی ٹیم کے کھلاڑی میگا ایونٹ میں بری کارکردگی اور شائقین کے دل توڑنے کے بعد ایک ساتھ پاکستان نہیں آئیں گے اور 13 نومبر کو مختلف پروازوں کے ذریعے سیالکوٹ، اسلام آباد اور لاہور پہنچیں گے، ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر بھی 3 روز دبئی قیام کے بعد 16 نومبر کو لاہور آئیں گے۔
آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کو 9 لیگ میچز میں سے 5 میں شکست اور 4 میں کامیابی ملی، پاکستان نے پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں پوزیشن کے ساتھ ٹورنامنٹ کا اختتام کیا ہے۔
گرین شرٹس کو ایونٹ میں آئی سی سی کی جانب سے پرائز منی میں سے 2 لاکھ 60 ہزار ڈالر (تقریباً ساڑھے 7 کروڑ روپے) ملیں گے۔