قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کو عہدہ سے فارغ کردیا گیا، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کو عدالت سے سزا کے بعد عہدے سے فارغ کردیا، قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے اپوزیشن لیڈر کا عہدہ خالی قرار دیدیا، پی ٹی آئی سے قائد حزب اختلاف کا چیمبر بھی واپس لے لیا گیا۔
سیکریٹری کے مطابق پی ٹی آئی سے قومی اسمبلی میں 3 اہم عہدے واپس لے لیے گئے، قومی اسمبلی میں عمر ایوب اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے فارغ ہوگئے، زرتاج گل کا پارلیمانی لیڈر اور احمد چٹھہ کا ڈپٹی پارلیمانی لیڈر کا عہدہ بھی خالی قرار دیدیا گیا۔
سیکریٹریٹ سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق قومی اسمبلی میں عمر ایوب کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی، فنانس کمیٹی سے بھی ڈی لسٹ کردیا گیا، پی ٹی آئی کے نااہل 7 ارکان سے قائمہ کمیٹی کی ممبر شپ بھی واپس لے لی گئی ہے۔
مزید جانیے : نااہلی ریفرنس، عمر ایوب کو جواب جمع کرانے کا ایک اور موقع مل گیا
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے 7 ارکین اسمبلی سے 15 قائمہ کمیٹیوں کی رکنیت بھی واپس لے لی گئی ہے، صاحبزادہ حامد رضا کی قائمہ کمیٹی انسانی حقوق کی چیئرمین شپ ختم کردی گئی، زرتاج گل قائمہ کمیٹی انسانی حقوق کی رکنیت سے ہاتھ دھو بیٹھیں جبکہ رائے حسن نواز سے قائمہ کمیٹی ریلوے کی چیئرمین شپ واپس لی گئی ہے۔
قومی اسمبلی میں نیا اپوزیشن لیڈر کون ہوگا؟
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کیلئے اپوزیشن کی جانب سے محمود اچکزئی کے بعد اسد قیصر اور عامر ڈوگر کے ناموں پر بھی غور جاری ہے۔
ذرائع نے سماء کو بتایا کہ اسد قیصر نے اپوزیشن لیڈر بننے سے معذرت کرلی۔ عامر ڈوگر مضبوط امیدوار بن گئے ہیں، وہ چیف وہپ بھی ہیں۔
واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے عمر ایوب، شبلی فراز سمیت کئی رہنماؤں کو سزائیں سنائی تھیں، جس کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انہیں نااہل قرار دیدیا تھا۔






















