الیکشن کمیشن نے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کے خلاف اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے بھیجے گئے نااہلی ریفرنس کی سماعت ملتوی کر دی۔ عمر ایوب کو جواب جمع کرانے کے لیے ایک اور موقع دے دیا گیا۔
چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے عمر ایوب کے خلاف نااہلی ریفرنس کی سماعت کی۔ عمر ایوب آج بھی الیکشن کمیشن میں پیش نہ ہوئے۔ معاون وکیل نے بتایا کہ ان کے وکیل پشاور ہائی کورٹ میں مصروف ہیں اس لیے وہ پیش نہیں ہو سکے۔معاون وکیل نے چند روز کے لیے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی جو منظور کر لی گئی۔
چیف الیکشن کمشنر نے ریفرنس پر عمر ایوب کو جواب جمع کرانے کے لیے ایک اور موقع دینے کی ہدایت کی۔ الیکشن کمیشن نے عمر ایوب کو گوشواروں میں مبینہ غلط بیانی کے معاملے پر بھی آج طلب کیا تھا۔
اثاثہ جات کیس میں بھی عمر ایوب کی پیشی متوقع تھی تاہم یہ سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی گئی۔ یہ کیس عمر ایوب کی جانب سے پشاور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے۔






















