میٹا نے انسٹاگرام کے صارفین کے لیے تین نئے فیچرز متعارف کرائے ہیں جن کا مقصد صارفین کو اپنے آن لائن رابطوں کے ساتھ بہتر طور پر جوڑنا اور سوشل میڈیا کے تجربے کو مزید دلچسپ بنانا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پہلا فیچر ری پوسٹس کا ہے جو صارفین کو دوسروں کی پبلک پوسٹس اور ریلز کو اپنے پروفائل پر شیئر کرنے کی اجازت دیتا ہے اور اس فیچر کے تحت اصل پوسٹ کرنے والے کو کریڈٹ دیا جائے گا جبکہ ری شیئر کی گئی پوسٹس ایک نئے ٹیب میں نظر آئیں گی۔
میٹا کے مطابق پوسٹس اور ریلز میں اب ایک نیا "ری شیئر" آئیکون بھی شامل کیا گیا ہے جو صارفین کو اپنی پوسٹس کو زیادہ افراد تک پہنچانے میں مدد دے گا کیونکہ ری پوسٹس دوسرے فالوورز تک بھی پہنچیں گی۔
دوسرا فیچر انسٹاگرام میپ ہے جو صارفین کو اپنی آخری فعال لوکیشن شیئر کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
صارفین خود فیصلہ کر سکتے ہیں کہ کون ان کی لوکیشن دیکھ سکتا ہے اور کون سے مقامات کی لوکیشن شیئر نہیں کرنی۔
اس کے علاوہ لوکیشن شیئرنگ کو کسی بھی وقت غیر فعال کیا جا سکتا ہے۔
یہ فیچر ریلز، پوسٹس اور اسٹوریز کو میپ کے ذریعے دیکھنے کی سہولت بھی فراہم کرتا ہے۔
تیسرا فیچر نئی فرینڈز ٹیب ہے جو ریلز سیکشن کے اوپر موجود ہوگی اور اس ٹیب میں صارفین کے رابطوں کی پبلک پوسٹس اور ریلز دکھائی جائیں گی۔
یہ فیچر پہلے محدود صارفین کے لیے دستیاب تھا لیکن اب اسے عالمی سطح پر متعارف کرایا جا رہا ہے۔
میٹا کا کہنا ہے کہ یہ نئے فیچرز صارفین کے تجربے کو بہتر بنائیں گے اور انہیں اپنے دوستوں اور فالوورز کے ساتھ زیادہ بہتر انداز میں جڑنے کا موقع فراہم کریں گے۔
ان فیچرز کو عالمی سطح پر صارفین کے لیے مرحلہ وار رول آؤٹ کیا جا رہا ہے۔






















