وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے ریاستی ملکیتی اداروں کا اجلاس ہوا، مختلف اداروں کے بورڈز میں خالی آسامیوں پر تقرریوں کی منظوری دے دی گئی۔
اسلام آباد میں کابینہ کمیٹی برائے ریاستی ملکیتی اداروں کا اجلاس ہوا، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ویڈیو لنک کے ذریعے صدارت کی۔
کمیٹی نے مختلف اداروں کے بورڈز میں خالی آسامیوں پر تقرریوں کی منظوری دیدی، عاصم عزیز صدیقی کو ٹریڈنگ کارپوریشن بورڈ کا چیئرمین مقرر کردیا گیا، عائشہ عزیز ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کی آزاد ڈائریکٹر مقرر کردی گئیں۔
اعلامیے کے مطابق شعیب میر میمن پاکستان ری انشورنس کمپنی کے بورڈ چیئرمین ہوں گے۔
وزارت خزانہ سمیت متعلقہ وزارتوں کو تقرری کے عمل کا جائزہ لینے کی ہدایت کردی، موجودہ ارکان کی ریٹائرمنٹ سے قبل ہی تقرریوں کا عمل شروع کرنے پر زور دیا گیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ اس کا مقصد انتظامی خلاء سے بچنا اور تسلسل کو برقرار رکھنا ہے۔
کمیٹی نے پوسٹل لائف انشورنس کے بورڈ میں تین سرکاری ارکان کی تقرری کی بھی منظوری دیدی، اعلامیے کے مطابق 4 آزاد ڈائریکٹرز میں سے کسی ایک کو چیئرمین نامزد کیا جائے گا۔



















