کچے کے علاقے میں بگڑتی صورتحال پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے سی سی ڈی کو ڈاکوؤں کیخلاف کارروائی کا ٹاسک دیدیا۔ کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ نے آپریشن شروع کرنے سے پہلے 2 ارب 59 کروڑ روپے کا فنڈز مانگ لیا، 80 کروڑ روپے کی انعامی رقم اور 75 کروڑ روپے کے خفیہ فنڈ کی منظوری کا بھی مطالبہ کردیا۔
پنجاب میں کچے کے علاقے میں بگڑتی صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے وزیراعلیٰ مریم نواز نے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کو ڈاکوؤں کیخلاف کارروائی کا ٹاسک دیدیا۔
رپورٹ کے مطابق سی سی ڈی نے آپریشن شروع کرنے کیلئے 2.59 ارب روپے کے فنڈز مانگ لیے جبکہ کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ نے 80 کروڑ روپے کی انعامی رقم اور 75 کروڑ روپے کے خفیہ فنڈ کی منظوری کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
سی سی ڈی کی طرف سے مانگے گئے فنڈز میں 80 کروڑ روپے سائنسی تفتیش کیلئے جبکہ 75 کروڑ 10 لاکھ روپے آپریشنل ضروریات کی مد میں الگ مانگے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سی سی ڈی نے عوامی ٹیکس پر مشتمل بھاری رقم کی منظوری کی بھی درخواست کردی۔ سی سی ڈی نے 53 کروڑ کی کٹوتی کے باوجود مزید 2.59 ارب روپے کا مطالبہ کیا ہے، سی سی ڈی کیلئے نئی بننے والی پیرا فورس کی طرز پر الاؤنس کی بھی ڈیمانڈ کی گئی ہے۔



















