قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے انگلینڈ کے خلاف اپنی حکمت عملی بیان کرتے ہوئے کہا کہ فخر زمان 20 سے 30 اوورز کھیل جاتا ہے تو ہم وہ حاصل کر سکتے ہیں جس کی ہمیں ضرورت ہے ۔
انگلینڈ کے خلاف میچ سے قبل پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بابراعظم کا کہناتھا کہ کرکٹ میں کچھ بھی ہو سکتا ہے ، ہم ٹورنامنٹ کو اچھے انداز میں ختم کرنے کی کوشش کریں گے ، نے نیٹ رن ریٹ کیلئے پلان ترتیب دیا ہے ، ہم نے پہلے دس اوورز میں کھیلنے کی منصوبہ بندی کر لی ہے اور اس کے بعد کس طرح گیم کو لے کر چلنا ہے اس پر بھی حکمت عملی بنا لی ہے ۔ اگر فخر زمان 20 سے 30 اوورز کھیل جاتا ہے تو ہم وہ حاصل کر سکتے ہیں جس کی ضرورت ہے ۔بابراعظم کا کہناتھا کہ محمد رضوان اور افتخارکا کر دار بھی میچ میں بہت اہم ہو گا۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ اگر پاکستان پہلے بیٹنگ کرتا ہے تو پاکستان کو انگلینڈ کو 287 رنز سے شکست دینا ہو گی ،اگر پاکستان پہلے باولنگ کرتا ہے تو انگلینڈ کو 50 رنز پر آوٹ کرنا ہو گا اور 2 اوورز میں ہدف کو عبور کر نا ہو گا یا پھر 3 اوورز میں 100 رنز بنانے ہوں گے ۔
بابراعظم کا پریس کانفرنس میں کہناتھا کہ میں توقعات کے مطابق پرفارم نہیں کرسکا جس کا میں اعتراف کرتا ہوں، مجھے کہا جاتا ہے میں آہستہ کھیلا لیکن میں صورتحال کے مطابق کھیلتا ہوں۔قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ بھارت میں پہلی بار آٸے تھے اور کنڈیشنز کا علم نہیں تھا اس لئے کوشش کی کہ جلد کنڈیشنز سے سیکھیں اور اپلاٸی کریں ، میرا گول تھا کہ میں اپنی بیٹنگ سے پاکستان کو میچ جتواؤں، انفرادی کارکردگی کا نہیں سوچتا ٹیم کے لیے کھیلتا ہوں۔
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ میں گزشتہ تین سال سے پاکستان کا کپتان ہوں، میں نے کبھی کپتانی کا دباؤ محسوس نہیں کیا، مجھ پر کپتانی کا کوئی دباؤ نہیں ہے، لوگ میری کپتانی کے بارے میں بات کر رہے ہیں لیکن میں نے ورلڈ کپ میں اوسط سے کم کارکردگی نہیں دی۔