خیبرپختونخوا کے علاقے ہنگو میں پولیس اور ٹل اسکاؤنٹس کے آپریشن میں 9 خوارجی ہلاک جبکہ 8 زخمی ہوگئے، فائرنگ کے تبادلے میں ڈی پی او اور ایس ایچ او سمیت 4 پولیس افسران زخمی ہوئے۔
پولیس کے مطابق ہنگو کے علاقے دوآبہ میں پولیس اور ٹل اسکاؤٹس نے خوارجیوں کیخلاف آپریشن کیا، زرگیری، شناوڑی سمیت دیگر علاقوں میں ٹارگیٹڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ڈی پی او خالد خان اور ایس ایچ او دوآبہ نبی خان زخمی ہوگئے، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
آر پی او عباس مجید مروت کا کہنا ہے کہ ہنگو آپریشن کے دوران 2 پولیس گاڑیوں جبکہ 2 ایف سی گاڑیوں کو ہٹ کیا گیا، ڈی پی او خالد خان، سیکیورٹی افسر لخکر خان، ایس ایچ او نبی خان، بی ڈی سی انچارج زخمی ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ آپریشن میں اب تک 9 خارجی مارے جاچکے ہیں جبکہ 8 زخمی ہیں۔
ڈی ایس پی امجد خان کے مطابق آپریشن کے بعد فورسز علاقے میں کلیئرنس آپریشن کررہی ہیں۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق ڈی پی او خالد خان کو 4 گولیاں لگی ہیں، ایس ایچ او نبی خان معمولی زخمی ہیں۔
آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کا کہنا ہے کہ ڈی پی او ہنگو سی ایم ایچ کوہاٹ منتقل کردیا گیا، ان کی حالت خطرے سے باہر ہے، ڈاکٹرز کہیں گے تو انہیں پشاور لایا جائے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ ڈی پی او سے خود بات کی ہے، پولیس افسروں میں ایک ایس ایچ او بھی زخمی ہیں، زخمی افسروں کو کوہاٹ لایا گیا ہے، آپریشن میں 5 خوارجی بھی مارے گئے۔





















